اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شام کے ڈیموکریٹک الائنس سے وابستہ فوجی کونسل کے ترجمان شرفان درویش نے بتایا ہے کہ سیکڑوں گاڑیاں عارضی کیمپوں میں مقیم لوگوں کو منبج شہر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے ہفتے کے روز شہر سے پسپائی اختیار کرتے وقت سیکڑوں عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کے لیے اغوا کرلیا تھا تاہم اب اطلاعات ملی ہیں ان لوگوں کو چھوڑ دیا گیا ہے۔ منبج شہر کو دوماہ کی شدید لڑائی کے بعد شامی ڈیموکریٹک الائنس کی مشترکہ فورس نے داعش کے قبضے سے مکمل آزاد کرالیا ہے۔ ڈیموکریٹک الائنس شامی کردوں اور عرب شہریوں پر مشتمل ہے۔
شام کے الاخباریہ ٹیلی ویژن کے مطابق شامی فوج نے جنوبی درعا کے علاقے نخلہ فارم کے قریب حملہ کرکے درجنوں داعشی دہشت گردوں کوموت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ حلب میں سعودی دہشت گردوں کے سرغنہ عبداللہ محیسنی کے اڈے پر شامی فوج کے حملے میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
شامی فوج نے حلب کے علاقے رامسہ میں شامیہ محاذ کے دہشت گردوں کو بھی نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں اس گروہ کا ایک سرغنہ ابومحمد اپنے متعدد ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا ہے۔ دیرالزور کے علاقے پینوراما میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شامی فضائیہ کی گولہ باری میں بھی درجنوں دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
شامی فوج نے حماہ کے نواح میں دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے سات دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ ادھر حلب کے رہائشی علاقوں پر دہشت گردوں کے راکٹ حملوں میں نو عام شہری جاں بحق اور بائیس دیگر زخمی ہو گئے۔
.......
/169